سرینگر:05 /اپریل (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) جموں کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں سنیچر کی رات بی جے پی کے ضلع نائب صدر گل محمد میر کی دہشت گردوں نے گھر میں گھس گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ تین دہشت گرد نوگام ورناگ علاقے میں واقع میر کے گھر میں گھسے اور ان کی کار کی چابی مانگی۔ گاڑی لے جاتے ہوئے انہوں نے میر کو گولی مار دی۔ وہ علاقے میں اٹل کے طور پر مشہورتھے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ میر کو نازک حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران انہوں نے دم توڑ دیا۔ افسر نے بتایا کہ مشتبہ افراد کو پکڑنے کے لئے علاقے کا محاصرہ کیا گیاہے۔ جموں کشمیر بی جے پی نے ایک بیان میں میر کے خاندان کے تئیں تعزیت پیش کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی میر کے قتل کی مذمت کی۔ عبداللہ نے کہا کہ میں تشدد کی اس نفرت کی مذمت کرتا ہوں۔